ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک اسمبلی انتخابات:کلبرگی میں خاتون ووٹر کا ووٹ ڈالنے کے الزام میں پولنگ افسر گرفتار، کیا بی جے پی امیدوار کے حق میں ڈالا تھا ووٹ ؟

کرناٹک اسمبلی انتخابات:کلبرگی میں خاتون ووٹر کا ووٹ ڈالنے کے الزام میں پولنگ افسر گرفتار، کیا بی جے پی امیدوار کے حق میں ڈالا تھا ووٹ ؟

Wed, 10 May 2023 21:44:22    S.O. News Service

کلبرگی، 10؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک میں 224 اسمبلی سیٹوں کے لیے آج  ہوئے انتخابات کے دوران ایک خاتون ووٹر کی شکایت کے بعد ایک پولنگ افسر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ خاتون کا الزام ہے کہ افسر نے ووٹنگ کے عمل میں اس کی مدد کی، لیکن ووٹ بی جے پی کے حق میں ڈلوا دیا جو وہ نہیں چاہتی تھی۔ یہ معاملہ کلبرگی ضلع کے چتپور انتخابی حلقہ کے ایک پولنگ سینٹر پر پیش آیا ۔

خاتون ووٹر کا نام باسمّا اینٹومن بتایا جا رہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا  ہے کہ باسمّا نے پولنگ افسر بی سی چوہان سے گزارش کی تھی کہ وہ کانگریس امیدوار پریانک کھرگے کے حق میں اپنا ووٹ ڈالنا چاہتی ہیں۔ لیکن  پولنگ افسر نے ان کا ووٹ بی جے پی امیدوار منی کانت راتھوڑ کے حق میں ڈلوا دیا۔ خاتون نے اس عمل کی مخالفت کی اور جب یہ بات کانگریس کارکنان تک پہنچی تو انھوں نے پولنگ افسر کے خلاف آواز اٹھائی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس امیدوار پریانک کھرگے نے موقع پر پہنچ کر الیکٹورل افسر نوین کمار سے شکایت کی۔ بعد ازاں پولنگ افسر کو فوراً ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا اور ان کی جگہ پر دوسرے افسر کو تعینات کیا گیا۔ شکایت کی بنیاد پر پولنگ افسر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پریانک کھرگے کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کے بیٹے ہیں۔ ان کا سیدھا مقابلہ بی جے پی امیدوار منی کانت راتھوڑ سے ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ منی کانت کے خلاف 80 سے زیادہ مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ اتنا ہی نہیں، مبینہ طور پر منی کانت کی ایک آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انھیں یہ کہتے سنا گیا تھا کہ ملیکارجن کھڑگے کی فیملی کا صفایا کر دیا جائے گا۔


Share: